ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سرحد پر کشیدگی کے درمیان وزیر دفاع نے کہا، جان بوجھ کر تنازع پیدا کررہے ہیں پاکستان اور چین

سرحد پر کشیدگی کے درمیان وزیر دفاع نے کہا، جان بوجھ کر تنازع پیدا کررہے ہیں پاکستان اور چین

Mon, 12 Oct 2020 19:07:39    S.O. News Service

نئی دہلی،12؍اکتوبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے لداخ ، اروناچل پردیش ، اتراکھنڈ ، پنجاب اور جموں و کشمیر کے سرحدی علاقوں میں بنائے گئے 44 پلوں کو پیر کو قوم کے نام وقف کیا ۔ آن لائن پروگرام میں پلوں کا افتتاح کرتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے اپنے مختصر خطاب میں پاکستان اور چین سے متصل ہندوستان کی سرحد پر موجودہ حالات کا حوالہ دیا ۔ وزیر دفاع نے کہا کہ آپ ہمارے شمالی اور مشرقی سرحدوں پر بنائے گئے حالات سے واقف ہیں ، پہلے پاکستان اور اب چین ، ایسا لگتا ہے کہ ایک مشن کے تحت سرحدی تنازعات پیدا کئے گئے ہیں ۔ ان ممالک کے ساتھ ہماری تقریبا سات ہزار کلو میٹر لمبی سرحد ہے ۔

راجناتھ سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی دور اندیش قیادت میں ہندوستان ان بحرانوں کا نہ صرف مضبوطی سے سامنا کررہا ہے ، بلکہ ان سبھی علاقوں میں بڑی اور تاریخی تبدیلیاں بھی کر رہا ہے ۔ افسران نے بتایا کہ ان 44 پلوں میں سے زیادہ تر اسٹریٹجک طور پر اہم علاقوں میں ہیں اور یہ تیزی سے فوج کی آمد و رفت اور ہتھیاروں کی نقل و حمل کو یقینی بنانے میں سیکورٹی فورسیز کی مدد کریں گے ۔ ان میں سات پل لداخ میں ہیں ۔ وزیر دفاع نے ڈیجیٹل پروگرام کے ذریعہ اروناچل پردیش میں نیچیفو سرنگ کا علامتی سنگ بنیاد بھی رکھا ۔

یہ پل بارڈر روڈ آرگنائزیشن نے بنائے ہیں ۔ ان کا افتتاح ایسے وقت میں ہوا ہے جب ہندوستان کا مشرقی لداخ میں چین کے ساتھ تنازع چل رہا ہے ۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ان پلوں کی تعمیر عام لوگوں کے ساتھ ساتھ فوج کیلئے بھی فائدہ مند ثابت ہوگی ۔

وزیر دفاع نے کہا کہ ہمارے آرمڈ فورسیز کے جوان ان علاقوں میں بڑی تعداد میں تعینات ہیں ، جہاں سال بھر ٹرانسپورٹ دستیاب نہیں رہتا ہے ۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سرحدی انفراسٹرکچر میں بہتری سے مسلح افواج کو بہت مدد ملے گی ۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ یہ سڑکیں نہ صرف اسٹریٹجک ضروریات کے لئے اہم ہیں ، بلکہ یہ قوم کی ترقی میں تمام جماعتوں کی مساوی شراکت کی عکاسی بھی کرتی ہیں۔


Share: